مراد سعید کا مسئلہ مڈل کلاس نہیں مڈل مین ہونا ہے، قادر پٹیل

385

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کا مڈل کلاس ہونا مسئلہ نہیں بلکہ مڈل مین ہونا اصل مسئلہ ہے، سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مراد سعید کی جانب سے ہمارے نام لے کر جو الزامات لگائے گئے ہیں ہم ان کا جواب دینے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب اسمبلی میں عمران خان کی ایما پر توہین مراد سعید یا تحفظ مراد سعید بل لایا جاسکتا ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ مراد سعید کی کارکردگی ایک سے 2 لوگوں تک محدود ہے اس کو چیک کرنے کا حق پارلیمنٹ کے تمام ارکان کو ہونا چاہیے جبکہ مراد سعید کی ہمت، جرات اور برداشت پر انہیں صرف سرٹیفیکٹ نہیں بلکہ نشان پاکستان دینا چاہیے۔ مراد سعید کردار کی بات کررہے تھے جبکہ کسی کی کردار کشی کیلیے اس کا اپنا کردار کا ہونا ضروری ہوتا ہے، اس اسمبلی کے وجود میں آنے کے ڈیڑھ سال تک حکومتی ایوان بالخصوص ان وزیر موصوف و دیگر وزرا کی جانب سے ہماری پارٹی کی قیادت اور دیگر پارٹی کی قیادت پر الزامات اور انہیں القابات سے نوازا گیا لیکن چیئرمین بلاول زرداری کی سخت ہدایت تھی کہ اس ایوان کا تقدس پامال نہ ہو، لیکن جب پانی سر سے اونچا ہونا شروع ہوا اور جب ہماری قیادت کو ایوان میں اور ایوان سے آتے جاتے الزامات لگانے کا سلسلہ حد سے بڑھ گیا تو ہم نے ان کی ہی زبان میں ان کو جواب دینا شروع کیا ہے۔