فیصل آباد (اے پی پی) سیشن کورٹ فیصل آباد نے توہین رسالت کے مرتکب مجرم کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق سہیل نے توہین رسالت کیس میں ملوث مجرم وسیم عباس ولد محمد حنیف کو توہین رسالت کے جرم 295 سی میں سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا جبکہ جرمانے کیعدم ادائیگی پر مجرم کو 2 سال قید کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم نے 22 جون 2020ء کو توہین رسالت کا ارتکاب کیا تھا۔ علاوہ ازیں ایک اور مقدمے میں اسپیشل جج سینٹرل فیصل آبادو سرگودھا ڈویژن راجا پرویز اختر نے انسانی اسمگلر عتیق الرحمن کو ساڑھے8 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم نے 2013ء میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی احمد حسن اور اس کے کزن امجد کو عمان بھجوانے کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ90 ہزار روپے ہتھیا لیے مگر بعدازاں نہ ہی انہیں عمان بھیجا اور نہ ہی رقم واپس کی۔