کراچی:پیپلزپارٹی کے صوبائی و ڈویژنل رہنماوں نے کہا ہے کہ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکالنے والے وزیراعظم کی چیخیں نکلنے کا وقت آگیا ہے پیپلزپارٹی 27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جب میدان میں اترے گی تو دمادم مست قلندر ہوگا ،اب چلہ چلے گا نہ کوئی دم چلے گا اب بلاول کا تیر چلے گا عمران خان کو گھر بھیجے بغیر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز کراچی ڈویژن کے تحت پیٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ مہنگائی بیروزگاری گیس کی بندش بجلی کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی پریس کلب پر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو وزیراطلاعات و محنت سندھ پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر سعید غنی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی کراچی کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کراچی آصف خان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر شاہدہ رحمانی ضلعی صدر مسرور سلمان عبداللہ مراد خلیل ہوت لیاقت آسکانی اقبال ساند جاوید شیخ سردار خان مرزا مقبول اسلم سموں راشد خاضخیلی مشتاق مٹو دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مظاہرے میں پیپلزپارٹی کے تمام شعبہ جات کے ورکرز خواتین اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے مک گیا گیا تیرا شو نیازی گونیازی گو نیازی اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہاکہ سندھ کے ہرضلع میں بلاول بھٹو زرداری اور مارچ کے شرکاءکا استقبال ہوگا ملک کو بچانے کے لئے بلاول کی جدوجھد کو سلام پیش کرتاہوں بلاول بھٹو نے شہید رانی کی جدوجھد کو آگے بڑھایا ہے غریب پیٹ پالنے کے لئے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہیں بلاول نے کسی اشارے کے بغیر عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لئے میدان میں نکلنے کا فیصلہ کیا،27 فروری کو بلاول کی جیت عوام کی فتح ہوگی۔