ویانا: جوہری معاہدے کا مسودہ سامنے آگیا‘ ایران برہم

707

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) ویانا میں جاری ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کا مسودہ منظر عام پر آگیاجس پر ایران نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق معاہدے کے پہلے مرحلے میں ایران پر عائد تیل کی فروخت پر پابندیوں میں چھوٹ شامل نہیں ہے۔ اس کے علاوہ پیچیدہ مسائل طے ہونا باقی ہیں اور ایران، روس، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، یورپی یونین اور امریکا کے سفیر مذاکرات کررہے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے جوہری معاہدے کے حوالے سے زیر گردش معلومات کو گمراہ کن قرار دیا انہوں نے کہا کہ میڈیا پر اڑائی جانے والی افواہیں خطرناک ہیں۔ جوہری معاہدے کی حقیقت کا ان خبروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ادھر ویانا میں روسی مندوب میخائل اولیانوف کا کہنا ہے کہ معلومات اِفشا کرنے کا مقصد بات چیت کے حساس مرحلے کو سبوتاژ کرنا ہے۔