کراچی(رپورٹ: محمد انور) وفاقی حکومت نے ملک کی تمام موبائل کمپنیوں کو پوسٹ پیڈ صارفین سے لیٹ فیس چارجز کی مد میں ماہانہ 50 روپے وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس ضمن میں تمام صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ خیال رہے کہ موبائل پوسٹ پیڈ موبائل فون پر اس سے قبل تاخیر سے بلوں کی ادائیگی پر کوئی اضافی چارجز نہیں دیے جاتے تھے۔ بلکہ لیٹ لوگوں کی ادائیگی پر سیلولر فون کی آؤٹ گوئنگ سروس بند کردی جاتی تھی۔ یہ بھی خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے تا حال باقاعدہ کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کے ترجمان سے جب اس ضمن میں معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تو پی ٹی اے کے ترجمان نے فون کال ریسیو ہی نہیں کی۔ تاہم یہ معلوم ہوسکا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ برس مارچ کے مہینے تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں موبائل فون صارفین کی رجسٹرڈ تعداد 183.2 ملین یعنی 18 کروڑ 32 لاکھ بنتی تھی۔ جو تقریباً پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ کے برابر بنتی ہے مگر واضح رہے کہ موبائل فون رکھنے وال تمام افراد پوسٹ پیڈ سروس نہیں رکھتے بلکہ وہ ترجیحی طور پر پری پیڈ موبائل رکھتے ہیں جو ماہانہ بلنگ کے لحاظ سے پوسٹ پیڈ سے مہنگا پڑتا ہے۔ پوسٹ پیڈ موبائل فون کے ماہانہ بلوں پر لیٹ سرچارج فیس 50 روپے وصول کیے جانے کے فیصلے پر صارفین کا کہنا ہے کہ ٹیکسز اور سرچارج کی وصولی خون چوسنے کے مترادف ہے۔