اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کرپٹ ترین لوگ اس کابینہ کی میز پر بیٹھے ہیں،جن کی نالائقی اور سزا قوم بھگتے گی ، کوئی بھی شخص آج عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ، عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی۔جمعہ کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پرمریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 6 لیگی رہنماؤں پر کیسز چل رہے ہیں،جن میں سے ایک بھی کرپشن کا کیس نہیں ہے ،عدالتوں میں کیمرے لگا کر قوم کو حقائق دکھائیں کہ کون سی کرپشن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، لوگ ان کے جلسوں میں آنے کو تیار نہیں ہیں، منڈی بہاوالدین جلسے میں ضلع بھر کی پولیس موجود ہونے کے باوجودوزیر اعظم پھر بھی گراؤنڈ نہیں بھر سکے ،پہلے وزیر اعظم مسائل کا ذمے دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دیتے تھے اب پوری دنیا کو ذمے دار قراردے رہے ہیں، کیاآٹا، چینی،گھی اور ادویات کی قیمتوں میں دگنا اضافہ بھی عالمی قوتوں کا قصور ہے؟۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 5 سال ہماری حکومت نے بجلی کا ریٹ 8 روپے نہیں بڑھا یا، اس حکومت نے صرف 2 ماہ میں فی یونٹ بجلی کی قیمت8 روپے بڑھا دی۔چینی اور آٹا دگنی قیمت کر بک رہا ہے،دنیا کی تاریخ میں ایسے کوئی ملک نہیں جہاں 12 فیصد پیٹرول میں اضافہ ایک دن میں ہوا ہو۔