مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا ڈیرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

394

ڈیر ہ اسماعیل خان: ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کیخلاف مرکزی امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جماعت  اسلامی کا ڈیرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس میں مقررین کی حکومتی غریب کش پالیسیوں پر شدید تنقیدکی ۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کی جانب سے ڈیرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سابق ضلعی امیر زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، منظر مسعود خٹک اورتحصیل صدر حاجی عقیل ڈمرہ نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں جماعت کے مقامی ذمہ داران اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف نعرے درج تھے۔

سابق ضلعی امیر زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، منظر مسعود خٹک اورتحصیل صدر حاجی عقیل ڈمرہ کا اس موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئی ایم ایف سے قرض کی بجائے خودکشی کو ترجیح دینے والے نے ملک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ آئے روز نت نئے ٹیکسوں، بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافے نے ملک میں مہنگائی کا سونامی برپا کررکھا ہے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا خون چوسنے کی بجائے ان ٹیکس چوروں پر ہاتھ ڈالا جائے جو حکومت کی اپنی گود میں بیٹھے ہیں۔ عوام تو ضرورت زندگی کی ہر چیز پر حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں تو پھر ان ہی پر ظلم کے پہاڑ کیوں توڑے جارہے ہیں۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے۔ ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہی تمام مسائل کا حل ہے اور جماعت اسلامی انگریز کے فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔