نواب شاہ(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کا پیپلز میڈیکل یونیورسٹی اسپتال نواب شاہ کا اچانک دورہ، صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے پیپلز میڈیکل اسپتال نواب شاہ کا اچانک دورہ کیا، اسپتال میں کی صفائی کی صورتحال، ٹراما سینٹر، سی ٹی اسکین، میڈیکل وارڈ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ اور زیر علاج مریضوں کے ورثاء سے ادویات، علاج معالجے سمیت دیگر صحت کی سہولیات کے متعلق معلومات لیں۔ ڈپٹی کمشنر نے دورے کے موقع پر اسپتال میں صفائی کی خراب صورتحال پر اسپتال انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار دورے کے دوران اسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے احکامات کے باوجود صفائی کی صورتحال ناقص ہے جو ناقابل برداشت ہے اسپتال میں فوری صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر فدا حسین چانگ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں صحیح کام نہ کرنے والے عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ اسپتال میں زیر علاج اور او پی ڈی میں آنے والے افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر ایم ایس پی ایم سی اسپتال ڈاکٹر فدا حسین چانگ نے ڈپٹی کمشنر کو اسپتال میں داخل مریضوں اور او پی ڈی میں آنے والے افراد کو علاج معالجے کی میسر کی سہولیات اور مسائل کے متعلق آگاہی دی۔