پی ٹی آئی میں فاروڈ بلک بن چکا ، تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوگی، مریم نواز

136

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے، عدم اعتماد کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک اقدام ہے، مہنگائی ، لاقانونیت اور دہشتگردی پھر واپس آ رہی ہے، عمران خان کوایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، لندن بھاگنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عدالت کی جانب سے نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینا چاہیے، عدالت نے نیب پراسیکوٹر کو تیاری کے لیے چار ہفتے مہلت دی، انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف کی فراہمی سے انکارہے۔مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کی ذہنی حالت پر شک ہوتا ہے، یہ دنیا کے واحد وزیراعظم ہیں جو عوام کے خرچے پر بنی گالا میں عیاشی کرتے ہیں اور بنی گالہ سے وزیراعظم آفس ہیلی کاپٹر پر آتا ہے۔ آپ کو عوام کا دکھ کیسے پتا ہو کیونکہ آپ کے گھر کا کچن تو کوئی اور چلاتا ہے، اس دور حکومت میں ہر روز ملک کی تباہی ہورہی ہے، ایک ہی جھٹکے میں آپ نے 12روپے پٹرول بڑھا دیا جس سے ہر چیز مہنگی ہو گئی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام آپ کو کن الفاظ سے یاد کر تے ہیں، آپ کے لیے شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے معاملات میں پاکستان دنیا کا خطرناک ملک ہے، عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے پرویز مشرف کا دور یاد آتا ہے، گزشتہ روز شہری کیخلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا گیا، لوگوں کے گھروں میں ریاستی ادارے کے اہلکاروں کا دیواریں پھلانگ کر جانا افسوسناک ہے۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں ہمارے جوان شہید ہوگئے اور عمران خان چین میں اولمپکس دیکھنے گئے ہوئے تھے، ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، وہ ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں، ان کا بھی احتساب ہوگا، انہیں عوام کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا، تحریک انصاف میں ایم این ایز اور ایم پی ایز فارورڈ بلاک بنا کربیٹھے ہیں،عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی تمام اتحادیوں سے کہوں گی عوام کی آواز پر لبیک کہیں، عوام کو بھی اپوزیشن کی آواز پر لبیک کہنا چاہیے۔