کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ طلبہ نے مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں طلبہ یونینز کی بحالی کا اپنا حق حاصل کیا ہے، کسی بھی ملک کے خلاف جنگ میں طلبہ نہ صرف صف اول میں کھڑے ہوسکتے ہیں بلکہ وہ ملک کی تقدیر بھی بدل سکتے ہیں،قائد اعظم نے کسی جنگ کے بجائے سیاسی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک حاصل کیا تھا ،پیپلز پارٹی بھی پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔گزشتہ
روزآرٹس کونسل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آمر ضیا نے اپنے جبرو استبداد کے دور میں طلبہ سے یونین سازی کا حق چھین لیا تھا لیکن یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ طلبہ نے مسلسل مہم کے ذریعے اپنا یہ حق واپس حاصل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میںبینظیر بھٹو حکومت کیخلاف سازشیں ہوتی رہیں لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،آئندہ بھی ہم حوصلہ نہیں ہاریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی ملک کیخلاف جنگ میں صف اول میں کھڑے ہوسکتے ہیں اور وہ چاہیں تو ملک کی تقدیر بھی بدل سکتے ہیں مگر انہیںاپنی صلاحیتوں کے اظہار کا آزادی کے ساتھ موقع ملنا چاہیے۔بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق کی علمبردار ہے ،ہر شہری کو ووٹ کا حق قائد عوام نے سیاسی جدوجہد سے دیا،اس ملک میںنوجوانوں کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی اور یہ کہا گیا کہ نوجوانوں کو سیاست نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین پی پی نے سوال کیا کہ کیا سیاست کرنا کوئی گالی ہے؟انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں،انہیں سیاست سمیت ہر شعبے میں آگے آنا چاہیے، وہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے،اس وقت معاشرے میں ظلم اپنی انتہا پر ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آمر ضیانے طلبہ یونین پر پابندی لگائی تھی اور طلبہ یونینز پر عاید پابندی کو ختم کرنے میں 38 سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک کو بہتر مستقبل دینے کے لیے بلاول زرداری کا ساتھ دیں کیونکہ بلاول کے ساتھ ملک کا بہتر مستقبل آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکلات کا دور اب بہت جلد ختم ہوگا، چیئرمین بلاول زرداری ملک کی تقدیر بدلیں گے۔