لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے ایف آئی اے میں گرفتاری کے لیے دائر درخواست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی آئی سی یو میں بیہوش پڑی میری والدہ کا ہونا چاہیے تھا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوئی آسمان سے اُتری مخلوق نہیں جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور انہیں سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے گا‘ مریم نواز نے مزید لکھا کہ آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی آئی سی یو میں بے ہوش پڑی میری والدہ کا بھی ہونا چاہیے تھا‘ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا بھی ہونا چاہیے تھا‘ ماضی میں آپ ناصرف خود اس گندے کھیل میں شامل تھے بلکہ اپنے جاہل وزرا کا حوصلہ بڑھاتے تھے‘ اقتدار جب ہاتھ سے نکلنے لگتا ہے تو آپ جیسے انسانوں کا خوف اسی طرح سامنے آتا ہے‘ آپ کی حرکتیں دیکھ کر مشرف کے آخری ایام یاد آ جاتے ہیں۔ مریم نے کہا کہ وقت کا پہیہ گھوم چکا ہے‘ عمران خان! آپ جتنی بھی ریاستی طاقت استعمال کرلیں‘ آپ خود کو نہیں بچا سکتے‘ آپ کے جرائم کی فہرست میں مخالفین سے انتقام لینا شامل ہے‘ آپ ایف آئی اے جیسے اداروں کو ذاتیمعاملات طے کرنیکے لیے استعمال کرتے ہیں، آپ کو حساب تو دینا ہوگا۔