جامعہ پشاور میں ویلنٹائن ڈے پر گانے کی ریکارڈنگ، جماعت اسلامی نے معاملہ اسمبلی میں اٹھادیا

428

پشاور: جامعہ پشاور میں ویلنٹائن ڈے پر گانے ریکارڈنگ کا جماعت اسلامی نے معاملہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہنچادیا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والی خیبر پختونخوا اسمبلی کی ممبر حمیرا خاتون نےصوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے گئے توجہ دلاﺅنوٹس میں موقف اپنایا ہے کہ یونیورسٹی آف پشاور میں 14فروری کو اسلامی تعلیمات کے منافی ویلنٹائن ڈے پر طلبہ وطالبات کے لئے تعطیل کا اعلان کرنے اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پشتو گلوکارہ کو گانے کی ریکارڈنگ کی اجازت دینے سے اس عظیم درسگاہ کا تقدس پامال ہوا ہے۔

حمیرا خاتون کا کہنا تھا کہ اس عمل سے طلبہ وطالبات اور والدین میں شدید تشویش اور اضطراب کی لہر پیدا ہوئی ہے تعلیمی ادارے قوموں کے مستقبل کے معماروں کی اعلی تربیت کیلئے حقیقی دانش گاہیں ہوتی ہیں جہاں پرماورائے دستور اقدامات کی قطعاً اجازت نہیں ہونی چاہئے اور نہ ہی تعلیمی درسگاہوں کے تقدس کو رقص وسرور کی محفل سجانے سے آلودہ کرنے کی گنجائش ہونی چاہئے۔