پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی سب سے چھوٹی فتح

237

لاہور میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے ایک رن سے جیت حاصل کی جو پاکستان سپر لیگ میں مشترکہ طور پر چھٹی سب سے چھوٹی فتح ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دوسری مرتبہ ایک رن سے فتح اپنے نام کی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ پر 191 رن بنائے تھے۔ کراچی کنگز نے 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر190 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے ایک رن سے شکست ہوئی۔آخری اوور میں کراچی کنگز کو8 رنز کی ضرورت تھی جو کوئی مشکل کام نہیں تھامگر اس اوور میں3 کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کی وجہ سے جیت حاصل نہیں ہوسکی۔ آخری بال پر ایک رن درکار تھا جس پر کریس جارڈن رن آئوٹ ہوئے۔ آخری اوور وقاس مقصود نے کرایا تھا۔ انہوں نے اس اوور میں دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا۔پاکستان سپر لیگ میں ایک رن سے پہلی جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف دبئی میں19 فروری2016 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں کوئٹہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے19.3 اوور میں133 رنز بنائے تھے جسکے جواب میں پشاور زلمی نے20 اوور میں9 وکٹ پر 132 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے وہ ایک رن سے میچ ہاری تھی۔ میچ کی آخری بال پر3 رنز کی ضرورت تھی لیکن اس بال پر صرف ایک رن بنا جسکی وجہ سے پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست ہوئی۔اسلام آباد یونایٹیڈ نے ایک رن سے پہلی جیت دبئی میں24 فروری2017 کو ہوئے میچ میں کوئٹہ کے خلاف حاصل کی تھی۔ اس میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں چھ وکٹ پر 165 رنز بنائے تھے۔ کوئٹہ نے20 اوور میں 5 وکٹ پر 164 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے ایک رن سے ہار ملی۔ میچ کی آخری بال پر دو رن درکار تھے مگر اس بال پر ایک ہی رن بن سکا۔
کوئٹہ نے پشاور زلمی کے خلاف شارجہ میں28 فروری2017 کو ہوئے میچ میں ایک رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 200 رنز بنائے تھے۔ پشاور زلمی نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 199 رنز ہی بناسکی تھی۔ آخری بال پر اسے ایک رن کی ضرورت تھی جس پر حسن علی صفر کے اسکور پر رن آئوٹ ہوئے۔
پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے جس میچ میں ایک رن سے ٖفیصلہ ہوا تھا وہ لاہور میں20 مارچ2018 کو کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ کے خلاف ایک رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پشاورزلمی نے20 اوور میں157 رن بنائے تھے۔ کوئٹہ نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 156 رنز بنائے تھے۔ اس کو آخری بال پر 3 رن کی ضرورت تھی جس پر 2رن لیتے ہوئے میز حمزا رن آئوٹ ہوئے۔
کراچی کنگز نے کوئٹہ کے خلاف کراچی میں10 مارچ2019 کو کھیلے گئے میچ میں ایک رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ کوئٹہ کو میچ کی آخری بال پرتین رنز کی ضرورت تھی۔ اس بال پر لیگ بائی کا ایک رن بنا جسکی وجہ سے کوئٹہ کو ایک رن سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کراچی نے5 وکٹ پر 190 رنز بنائے تھے۔ اسکے جواب میں کوئٹہ نے 189 رنز بنائے تھے۔