لاہور(سید وزیر علی قادری) پی ایس ایل 7 کے 22ویںمیچ میں ول سمیڈ کی 99رنز کی اننگز بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوںشکست سے نہ بچا سکی،زلمی نے24 رنز سے ہراکر ٹورنامنٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی ۔پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے ۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور آل راؤنڈر حسین طلعت نصف نے سنچریاں اسکور کیں۔ شعیب ملک 8 چوکوں کی بدولت 58 اور حسین طلعت 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بناکر آؤٹ رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 73 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی سہیل تنویر کے ایک اوور میں چار چھکوں کی مدد سے بین کٹنگ 36 اور محمد حارث 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔نسیم شاہ نے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 186 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر ول سمیڈ کے علاوہ کوئی بھی بیٹر پشاور زلمی کے باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکا۔ ول سمیڈ کی 60 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ول سمیڈ اس سے قبل بھی پشاور زلمی کے خلاف ایک میچ میں97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ ول سمیڈ کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے دیگر بیٹرز میں کپتان سرفراز احمد 25، جیسن رائے 13 اور افتخار احمد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسپنر عثمان قادر نے 25 رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،سلمان ارشاد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔