سندھ کے اسپتالوں کے دروازے ہر کسی کے لئے کھلے ہیں، بلاول 

232

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ کے اسپتالوں کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہیں، ہم نہیں پوچھتے کہ آپ کے پاس کتنا پیسہ ہے؟ کونسی زبان بولتے ہیں۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈئکل کالج میں 500 بستروں اور 18 جدید ترین آپریشن تھیٹروں پر مشتمل سرجیکل کمپلکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم جناح ہسپتال آتے ہیں تو کسی نئے منصوبہ کے لیے آتے ہیں، کراچی کے ہیلتھ کیئر سٹرکچر میں جناح ہسپتال بہترین کردار ادا کررہا ہے، جناح ہسپتال اس وقت عالمی معیار کے تحت ہسپتال چلا رہا ہے، شہید بے نظیر بھٹو نے 1999 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو متعارف کروایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کی ترقی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مثالی کام جاری ہے، پاکستان میں سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہترین کام کر رہا ہے، ہم اس میں صرف اسلیے کامیاب ہیں کہ ہم زیادہ محنت کم وسائل کے ساتھ کرتے ہیں، آج ہم نے 500 بیڈ پر مشتمل سرجیکل کمپلکس کا افتتاح کیا، فخر ہے اتنا بہترین کام کیا ہے، ناصرف مفت علاج فراہم کر رہے ہیں بلکہ کھانا بھی دیا جارہا ہے، ہم نہیں پوچھتے ہیں کہ آپ کا تعلق کہاں سے ہے یا آپ کونسی زبان بولتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بابائے قوم جناح کے وژن کے تحت ہسپتال میں مفت علاج جاری ہے، جناح ہسپتال نے ملک بھر میں بہترین مثال قائم کی ہے، پیشنٹ ایڈ فاونڈیشن کے کام کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ہے، ہسپتال میں افرادی قوت کے مسائل کو بھی حل کرینگے، ہسپتال میں اب ڈاکٹرز کی تربیت کا بھی باقاعدہ آغاز کرینگے، جناح ہسپتال جب آخری بار آیا تھا تو تب جناح میں صرف ایک سائبر نائف تھا، کینسر کے مریض کے لیے جدید ترین علاج سائبر نائف بلامعاوضہ کیا جارہا ہے، اس بار جناح اسپتال میں دو سائبر نائف ہیں، اور ایک بار پھر دنیا بھر میں ریکارڈ توڑا ہے، دی اکانومسٹ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں صوبہ سندھ کو مثالی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ایس آئی یوٹی کے ساتھ شراکت داری کی، سائبر نائف کینسر کا تیز ترین علاج ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، شہریوں کے دروازے تک مفت علاج فراہم کرنا چاہتے ہیں، ادیب صاحب اور ایس آئی یو ٹی کا کام آپ کے سامنے ہے، کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر علاقوں میں سینٹرز بننے جارہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سندھ کی مثال اور پہچان ہے، تمام اضلاع میں اب دل کے امراض کا مفت علاج فراہم کررہے ہیں، بچوں کا مفت اور معیاری علاج فراہم کررہے ہیں۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں، کہتے ہیں پیپلز پارٹی کراچی میں سرمایہ نہیں لگاتی، سارے سوالات کا جواب یہ جناح اسپتال ہے۔