بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادیو کو چارہ گھٹالہ کیس کے پانچویں معاملے میں بھی عدالت نے مجرم قرار دے دیا.ان پر اس کیس میں ڈورانڈا خزانے سے 139 کروڑ روپے کی بدعنوانی کے ثبوت عدالت میں ثابت ہوئے ہیں ، یہ کیس مالی حوالے سے گزشتہ چار کیسز سے بڑا ہے .
رانچی میں بھارتی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ایک خصوصی عدالت لالو پرساد یادو کو چارہ گھوٹالہ کیس میں مجرم قرار دیا۔ یہ پانچواں معاملہ ہے جس میں لالو کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ لالو پہلے ہی کروڑوں کے گھوٹالے سے متعلق چار معاملوں میں مجرم ٹھہرائے جا چکے ہیں اور فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔
چارہ گھوٹالہ غیر منقسم بہار کے مختلف اضلاع کے محکمہ حیوانات (اے ایچ ڈی) کو مختص سرکاری رقم کی دھوکہ دہی سے نکالنے سے متعلق ہے۔ موجودہ کیس میں ڈورانڈا خزانے سے 139 کروڑ روپے کی بدعنوانی شامل ہے .سزا کی تفصیلات عدالت 18 فروری کو سنائے گی۔ اگر لالو کو تین سال یا تین سال سے کم قید کی سزا سنائی جاتی ہے تو وہ نچلی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ .
عدالتی حکم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لالو کے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کہا، “سب کو عدالت کا حکم ماننا چاہیے، یہ آخری فیصلہ نہیں ہے۔ 6 بار سزا سنائی گئی، ہم نے تمام معاملات کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ یہ آخری فیصلہ نہیں ہے۔ لالو جی ضرور بری ہو جائیں گے۔ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ ہے۔
واضح رہے کہ لالو کو پہلی بار 2013 میں 37.67 کروڑ روپے دھوکہ دہی سے نکالنے سے متعلق چارہ گھٹالہ کیس میں مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اسی سال دسمبر میں انہیں ضمانت دے دی تھی۔ دیوگھر کے خزانے سے دھوکہ دہی سے 89 لاکھ روپے نکالنے سے متعلق دوسرے معاملے میں انہیں 2017 میں دوبارہ مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں ساڑھے 3 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
لالو کی تیسری اور چوتھی سزا 2018 میں سامنے آئی تھی۔ یہ کیس 33.67 کروڑ روپے کی رقم غیر قانونی نکالنے سے متعلق تھا، چوتھا کیس 3.5 کروڑ روپے کی غیر قانونی رقم نکالنے سے متعلق تھا۔ موجودہ کیس میں عدالت نے لالو کو پانچ سال کے لیے جیل بھیج دیا۔ چوتھے کیس میں انہیں 14 سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی ۔وہ گزشتہ سال اپریل میں ضمانت پر جیل سے باہر آئے تھے تاہم پانچویں چارہ گھٹالہ کیس میں انہیں پھر سے گرفتار کرلیا گیاہے.لالو نے اپنی سزاؤں کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے.
پانچواں کیس غبن کی گئی رقم کے لحاظ سے سب سے بڑا ہے, ابتدائی طور پر ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کے معاملے میں کل 170 ملزمان تھے جن میں سے 55 ملزمان کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اس وقت 99 افراد مقدمے میں شامل ہیں۔ ان میں سے 24 کو ثبوتوں اور گواہوں کی عدم دستیابی پر بری کر دیا گیا ہے اور عدالت نے کل 75 افراد کو مجرم قرار دیا ہے۔
ڈورنڈا خزانہ معاملے کی تحقیقات میں سی بی آئی کو 25 سال لگے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے 7 جون 2003 کو عدالت میں سپلیمنٹری چارٹ شیٹ داخل کی تھی۔ اس معاملے میں 26 ستمبر 2005 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔