اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اتحادیوں پہ اعتماد کی بات نہیں ہے اب اتحادیوں کے عمران صاحب پہ اعتماد کی بات ہے،اتحادیوں کو اب عمران خان پہ اعتماد نہیں رہا۔
ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام، اتحادیوں،اور ایم این ایز کو بھی عمران خان پر اعتماد نہیں رہا اسی لئے آپ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔اتحادی آپ کی نالائقی نااہلی اور لوٹ مار کی وجہ سے عوام کاسامنا نہیں کرسکتے اتحادی ساتھ ہوتے تو وضاحتوں اور رونے کی ضرورت پیش نہ آتی ۔مانگے تانگے کی کرسی میں کچھ اپنا نہیں ہوتاجبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدراورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے خانیوال میں جتھے کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قانون کو ہاتھ میں لینے اور جتھوں کے ہاتھوں قتل کرنے کے بڑھتے واقعات قابل مذمت، شرمناک ہی نہیں، قابل فکر اور تشویشناک بھی ہیں۔
اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت سماج میں بڑھتے انتشار پر موثر اقدامات کیا کرتی، اسے اس معاملے کا شعور اور احساس تک نہیں معاشرے کے تمام طبقات کو صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے جامع حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سانحہ کی طرح خانیوال کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سزا دی جائے۔