ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بیٹا تیاری کرلو میں لاڑکانہ آ رہا ہوں، تمھارے سوالوں کا جواب دوں گا۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج این اے 156 میں مختلف منصوبوں کا اغاز کررہا ہوں، اس حلقے میں تین پارکوں کا افتتاح کررہے ہیں، ہم وزیر اعظم کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے، ضرور پیش کریں، ہم بھی اپوزیشن کا بھرپور سیاسی مقابلہ کریں گے، مجھے یقین ہے اپوزیشن کو شکست ہوگی، اپوزیشن تقسیم ہے پیپلز پارٹی انتخاب نہیں عدم اعتماد چاہتی ہے جبکہ ن لیگ انتخابات کا تقاضہ کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران نے اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کا ووٹ دینے کا وعدہ نہیں کیا بلکہ انکار کر دیا ہے، جن کا پیٹ کاٹنا تھا ان کے دروازے پر کیوں جارہے ہیں۔