آصف زرداری کی صحت ناساز، سراج الحق سے ملاقات ملتوی

348

لاہور (آن لائن/ صباح نیوز) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو طبیعت ایک بار پھر ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری کے ضروری ٹیسٹ اور چیک اپ کیے جائیں گے اور روٹین کا چیک اپ ہوگا۔ آصف زرداری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اتوار کے روز جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ملاقات ہونا تھی جسے ملتوی کردیا گیا ہے، ملاقات کا نیا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ آصف زرداری اور سراج الحق کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ سراج الحق نے آصف علی زرداری کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ رابطے میں ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات کا مقصد حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلیے سراج الحق کو اعتماد میں لینا تھا۔