نواز شریف کو ساتھ لانے کا کبھی نہیں کہا، ایاز صادق

222

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں نے ہرگز یہ نہیں کہا تھا کہ میاں صاحب کو ساتھ لے کر ہی آئوں گا، میں نے صرف یہ کہا تھا کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران اس سوال کہ آپ تو میاں صاحب کو لینے گئے تھے خالی ہاتھ کیوں واپس آگئے ہیں؟ کے جواب میں کہی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پہلے بھی ملاقات ہوتی رہی ہے، میں اور سعد رفیق اسپتال میں بھی عیادت کیلیے گئے تھے، سیاست اپنی جگہ لیکن ہمارا ان سے ذاتی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کوئی نجومی نہیں یا شیخ رشید کی طرح پیشگوئی نہیں کرتا، جو میرے دل کی آواز تھی وہ کہی تھی۔