اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے خانیوال میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے بعد سانحہ تلمبہ جیسا واقعہ ہمارے لیے لمحہ فکر ہے‘ سانحے نے ایک بار پھر پوری قوم کا سرشرم سے جھکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سانحہ تلمبہ کی شفاف تحقیقات کرائے اور ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے‘ ہجوم کے ہاتھوں الزام کی بنیاد پر قتل کے مسلسل واقعات حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہیں‘ اس سے عالمی برادری میں بھی پاکستان کے امیج کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے‘مشتعل جتھوں کو بے لگام نہیں چھوڑا جا سکتا‘ واقعات کو روکنے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی علمبرداری کو یقینی نہ بنایا گیا تو افراد کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی ایسی روایت قائم ہو جائے گی جس کو روکنا مشکل ہو جائے گا۔