لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی 14 سال کے طویل عرصے کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔
میاں شہبازشریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے وفد نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور شبیر عثمانی شامل تھے۔
اس موقع پر ق لیگ کے رکن اسمبلی اور چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین، شافع حسین بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیل سے گفتگو کی جبکہ شہبازشریف نے اپنی اور میاں نوازشریف کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔