پی ایچ ایف نے پہلی فرنچائز لیگ کیلیے کنسلٹنس مقرر کردیے

351

لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلی پی ایچ ایف ہاکی لیگ کی تیاری کے لیے کنسلٹنٹس متعین کردیے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے پاکستان ہاکی کی پہلی فرنچائز لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے کنسلٹنٹس کی تقرری کی منظوری دی۔ پی ایچ ایف کی جانب سے متعین کیے گئے کنسلٹنٹس ٹیم میں سابق ایم ڈی و پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان سپر لیگ سلمان سرور بٹ اور سابق چیف آپریٹنگ آفیسر پی ایس ایل فرنچائز کوئیٹہ گلیڈی ایٹرحارث جلیل میر شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے متعین کیے گئے کنسلٹنس کے درمیان معاہدہ پی ایچ ایف ہیڈکواٹرز لاہور میں سرانجام پایا۔ اس موقع پر چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر اور اولمپین خواجہ جنید بھی موجود تھے۔ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ اور حارث جلیل میر نے معاہدہ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے بذیعہ ورچوئل میٹنگ نو تعینات کنسلٹنٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پی ایچ ایف ہاکی لیگ قومی کھیل کی ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے تعینات کئے گئے کنسلٹنٹس فرنچائز لیگ کا مضبوط تجربہ رکھتے ہیں اور لیگ کی تیاریوں کے لیے یہ ایک اہم اقدام ہے۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کنسلٹنٹ برائے ہاکی لیگ حارث جلیل میر نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے شانہ بشانہ کام کرینگے اور قومی کھیل کی ترقی میں اپنا کرادار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی پی ایچ ایف فرنچائز ہاکی لیگ کا حصہ بننا فخر کی بات ہے۔ چیئر مین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر نے کہا کہ میں پاکستان ہاکی کی تاریخ کی پہلی پروفیشنل فرنچائز لیگ کی بنیاد رکھنے اور اسکو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اولمپین خواجہ جنید نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے تابناک ماضی کو واپس لانے کے لئے پی ایچ ایف ہاکی لیگ ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے کھیل اور کھلاڑی دونوں کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان ہاکی کو اس اسکیل پر ایسے اچھے ایونٹ کی ضرورت ہے جوکہ پی ایچ ایف ہاکی لیگ پوری کرے گی۔