لاہور(سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں کامیابی سے جاری ہے اور ملتان سلطانز کی پہلی شکست کے بعد اس کے مداح اداس ہیں۔ نمائندہ جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 6 فتوحات کے بعد ہم رضوان الیون کو ناقابلِ شکست دیکھنا چاہتے تھے اور اس کے بعد فاتح پی ایس ایل بھی ، تاہم اب یہ ممکن نہیں رہا۔اس کے علاؤہ گزشتہ روز شائقین کی تعداد کم تھی مگر موجود شائقین کا جوش قابل دید تھا۔ دوسری طرف سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو کی زیر صدارت لاہور پولیس اورپاکستان کرکٹ بورڈ حکام کا اعلی سطح کا مشترکہ اجلاس ہفتہ کے روز قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا۔چیئرمین پا کستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان،ایس ایس پی آپریشنز،ایس پی سیکورٹی سمیت تمام ڈویژن پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے انٹرنیشنل و قومی کھلاڑیوں،ٹیمز آفیشلز، غیر ملکی میڈیا اور شائقین کرکٹ کے تحفظ کے لیے لاہور پولیس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبائی دارالحکومت میں کرکٹ سمیت اسپورٹس ایونٹس کو فروغ دینے کے لیے موثر اقدامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے کہا کہ کھلاڑیوں اور شہریوں کی سیفٹی و سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ٹیموں کی موومنٹ،شائقین کرکٹ اور شہریوں کی آسانی کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ چار درجاتی سیکیورٹی حصار میں گزرنے کے بعد ہی شائقین کو داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے۔