چیف جسٹس سندھ نے پروین رند پر تشدد کے معاملے کا نوٹس لے لیا

191

کراچی(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کی ہاؤس آفیسر پروین رند پر مبینہ تشدد کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔عدالت نے ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد، ایس ایس پی، ڈپٹی کمشنر، رجسٹرار یونیورسٹی کو طلب کرلیا۔عدالت نے تمام افسران کو 15 فروری کو رپورٹس سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ نرسنگ ہاؤس آفیسر پروین رند نے محکمہ صحت کی تحقیقاتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔مقدمے میں نامزد ملزم غلام مصطفی راجپوت کوگرفتار نہیں کیاجاسکا ہے۔اس حوالے سے میڈیاسے گفتگو میں پروین رند نے الزام عائد کیا کہ وائس چانسلر اور وارڈنز نے انہیں ہراساں کیا ، مارا پیٹا اور دھمکی دی کہ آواز اٹھاؤ گی تو تمہیں پنکھے سے لٹکا دیا جائے گا۔ڈائریکٹر یونیورسٹی غلام مصطفی راجپوت کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ دو لیڈی وارڈنز کو معطل کردیا گیا ہے۔