پی ایس ایل،کوئٹہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کو شکست دیدی

406
لاہور ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد فاتحانہ شارٹ کھیلتے ہوئے

لاہور (سید وزیر علی قادری)پی ایس ایل 7 کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست 50 رنز کی اننگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دےدی۔فاتح ٹیم کی یہ ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کا ہدف آخری اوورکی چوتھی گیندپر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ان فارم اوپنر جیسن رائے نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 54 رنز کی اننگز کھیلی، 27 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے احسان علی کے ہمراہ 88 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ احسان علی 30 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔ اس
موقع پر کپتان سرفراز احمد نے عمر اکمل کے ہمراہ 52 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی۔ سرفراز احمد نے 32 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عمر اکمل نے 8 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ایلکس ہیلز اور فہیم اشرف کی نصف سنچریوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ ایلکس ہیلز نے 38 گیندوں پر 163 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 بنائے۔ فہیم اشرف نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 55 رنز بنائے۔شاہد آفریدی اور جیمز فالکنر نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سرفراز احمد نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔