تحریک عدم اعتماد لانے والے عوام کے مسترد کردہ ہیں، پرویز خٹک

255

نوشہرہ (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے والی مسترد شدہ جماعتیں مسلم لیگ(ن)، پی پی پی سمیت دیگر پارٹیاں 22 کروڑ عوام کا اعتماد کھوچکی ہیں وہ کیا عدم اعتماد لائیں گے؟ یہ اپوزیشن جماعتیں کبھی عدم اعتماد اور کبھی لانگ مارچ اور دھرنے کا کہہ کر اپنی سیاسی ساکھ بچانے اور خبروں میں رہنے کیلیے ڈرامہ کرتی رہی ہیں، یہی ان جماعتوں کی سیاست ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلی میں عدم اعتماد لائے یا اسمبلی سے باہر کوئی تحریک چلائے وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنی جگہ موجود رہے گی اور اپوزیشن جاعتوں کی ڈرامے بازی اسی طرح جاری رہے گی۔ پاکستان کو پہلی بار ایک ایماندار قیادت ملی ہے جو اپوزیشن جماعتوں کیلیے خطرہ ہے کیونکہ ماضی میں باریاں بانٹنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جو کھلواڑ کھیلا ہے اس کو فل اسٹاپ لگ چکا ہے، وزیراعظم عمران خان نہ تو ان کو این آراو دیں گے اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی ڈیل ہو گی ،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر یگی احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔