چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کریں گے، فواد چودھری

295

بیجنگ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون کے قیام کیلیے ایک اہم منصوبہ تجویز کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو جدید آلات میں خودکفیل بنانا اور ترقی کی نئی راہیں کھولنا ہے۔ یہ بات انہوں نے چائنا اکنامک نیٹ کو اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران انہوں نے سیمی کنڈیکٹرز انڈسٹری کی پاکستان منتقلی کے بارے میں گفتگو کی، یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ چین کیلیے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں اور پاکستان کو سیمی کنڈیکٹرز مینوفیکچرنگ کا مرکز بنائیں۔ ہم پاکستان میں سیمی کنڈیکٹر زڈیزائننگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے یہ بات بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، ٹیکنالوجی زون کو سیمی کنڈیکٹرز زون میں بدل دیا جائے گا۔ چودھری فواد حسین نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کا بہت بڑا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فونز اب پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں لیکن ہم اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینوفیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔