شہباز شریف کی14سال بعد چوہدری برادران سے ملاقات کا شیڈول مرتب

413

 لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی چوہدری برادران سے ملاقات کا شیڈول فائنل  کرلیاگیا۔ شہباز شریف اتوار 13فروری کو چوہدری برادران کے گھر پہنچیں گے اور چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کریں گے۔شہباز شریف کی چوہدری برادران سے 14 سال بعد ان کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوگی۔ شہباز شریف اور چوہدری برادران کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر چوہدری برادران کا تعاون مانگیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد سیاسی رابطے تیز ہو گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے وزیراعظم عمران خان کے تحریک عدم اعتماد کا لانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد سیاسی ماحول میں گرم ہو گیا ہے، سیاسی رہنما ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں میں تیزی لا رہے ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہفتہ کو چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچے۔ اس موقع پر فضل الرحمان نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔