لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور (ن)لیگ میں باقائدہ طور پر شمولیت کااعلان کیا۔ اس موقع پر (ن)لیگ کے سیکرٹری جنرل اورسابق وزیر داخلہ احسن اقبال بھی موجود تھے۔
اس موقع پر احمد جواد کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ان جیسے ہزاروں افراد سے دھوکہ کیا جو خلوص نیت کے ساتھ نیا پاکستان کے نعرے کے فریب میں آئے-جبکہ اس موقع پر شہبازشریف اور احسن اقبال نے احمد جواد کو پارٹی میں خو ش آمدید کہا ۔ احمد جواد کی (ن)لیگ میں شمولیت کااعلان احسن اقبال نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔
جبکہ احمد جواد کا اپنے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کی عدالتوں کا فیصلہ آ گیا،جنہیں چور اور ڈاکو کہا وہ صادق اور امین ثابت ہو گئے،عمران نیازی اور اس کی ٹیم خود ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کرپٹ ثابت۔یہ وقت نہیں سونے کا،یہ وقت ہے جاگنے کا،میں تو جاگ گیا ہوں،آپ کب جاگیں گے؟مجھے پرانا پاکستان لوٹا دو۔