شہباز شریف کو لندن میں ضمانت ملی نہ ہی کیس ختم ہوا، شہباز گل

105

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو لندن میں کوئی ضمانت نہیں ملی اور نہ ہی کیس ختم ہوا ہے، اگر باعزت بری ہوئے ہیں تو ثبوت سامنے لائیں، کچھ لوگ اتنے تواتر سے جھوٹ بولتے ہیں کہ وہ سچ لگنے لگتا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہاکہ جو بھی نئے ڈاکومنٹس سامنے آتے ہیں اس کے جواب میں یہ بار بار جھوٹ بولتے ہیں، آج مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف باعزت بری ہوچکے ہیں، پھر انہوں نے کہا کہ وہاں تحقیقات شہباز شریف کے بارے میں ہو رہی تھیں، پھر کہا کہ ہر وہ مقدمہ جو شہباز شریف پر ہے وہ جھوٹا مقدمہ ہے، انتقامی مقدمہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں 4 ارب روپے کس نے ڈالے اور قطری آپ کے اے ٹی ایم کیوں تھے؟۔