سابق فوڈ سپروائزر سانگھڑ کی درخواست ضمانت پر نیب سے رپورٹ طلب

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے گندم چوری اسکینڈل میںضمانت سے متعلق سانگھڑ کے سابق فوڈ سپروائزر رجھومل کھتری کی درخواست پر نیب سے ریفرنس کی سماعت میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔ جمعہ کوچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل بینچ نے گندم چوری اسکینڈل میں ضمانت سے متعلق سانگھڑ کے سابق فوڈ سپروائزر رجھو مل کھتری کی درخواست کی عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں سماعت کی ۔ عدالت نے ملزم رجھومل کھتری کی ضمانت میں آئندہ سیشن تک توسیع بھی کردی ہے ۔سماعت کے موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت عالیہ نے ملزم رجھو مل کی ضمانت منظور کی تھی اور ضمانت حاصل کرنے کے بعد ملزم ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہو رہا تھا جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے ملزم رجھومل کی درخواست ضمانت میرٹ پر مسترد کر دی تھی۔ دوران سماعت نیب حکام کا کہنا تھا کہ رجھو مل پر سرکاری خزانے کو20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، رجھو مل ضلع سانگھڑ کے فوڈ سپروائزر تھا جہاں سے گندم کی بوریاں غائب کی گئیں، ملزم کے خلاف سکھر احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے ۔