چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

269

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں مقیم چینی باشندوں کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ فیصلہ شہر میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا۔ چینی حکام نے سی پیک منصوبے کے لیے گودار اور کراچی میں موجود اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ جس کے بعد سی پیک کو نقصان پہنچنے کے اندیشے کے پیشِ نظر حساس اداروں کو چینی شہریوں کی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی گئی ہے، جس کے فوری بعد پاک چائنا سپرمارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، آغا سپر مارکیٹ، پیراڈائز سپر مارکیٹ سمیت چینی کھانوں کے مختلف ریسٹورنٹس کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ نیز مذکورہ مقامات کے اطراف سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جوکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بر وقت نمٹنے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز آرمی چیف بھی اہم دورے پر کراچی پہنچے تھے جس میں ان کی عسکری قیادت سے اہم ملاقات ہوئی ۔