بیجنگ(اے پی پی)چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری ، سی پیک سے متعلق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور پاکستان اتفاق رائے کی بنیاد پر بیلٹ اینڈ روڈ کے فلیگ شپ منصوبے یا سی پیک منصوبے میں تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی شراکت کا خیرمقدم کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زہائو لیجیان نے جمعہ کو روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کادیگر ممالک کو سی پیک کے منصوبوں میں شامل ہونے اور سرمایہ کاری کی دعوت سے متعلق بیان قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان اتفاق رائے کی بنیاد پر بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے یا سی پیک منصوبے کی حمایت، باہمی مفاد کے لیے تعاون کرنے اور سی پیک کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے مشترکہ ترقی کی کوشش کرنے والے تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کا خیرمقدم کریں گے تاکہ ترقی کے ثمرات بانٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر آئی کے ایک اہم پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک)نے وسیع مشاورت، مشترکہ شراکت اور مشترکہ فوائد کے اصولوں کو برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں رہنماؤں کی طرف سے طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد کیا جا سکے، سی پیک کی ترقی کومضبوط کیا جائے، بڑے منصوبوں پر باآسانی عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سائنس اور ٹیکنالوجی، زراعت اور ذریعہ معاش میں تعاون کو وسعت دی جائے۔