اسلام آباد:سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امیر خرم راٹھور کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود سے ملاقات ہوئی۔
وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں بطور سفیر نامزدگی پر امیر خرم راٹھور کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور سفیر تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ہمارے سفرا کو اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھجوا کر ملک کے معاشی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔