نئی دہلی: مسلمان طالبات کو عدالت عظمیٰ سے بھی انصاف نہ مل سکا، بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب پر پابندی کیخلاف کیس کی فوری سماعت کی مسلمان طالبہ کی درخواست ایک بار پھر مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کیخلاف کیس کی فوری سماعت کی درخواست ایک بار پھرمسترد کردی۔
سپریم کورٹ نے مسلمان طالبہ کی حجاب پرپابندی کے کیس کی فوری سماعت کی درخواست پر کہا کہ حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی کوئی جلدی نہیں، اس معاملے کو قومی سطح پرنہ پھیلایا جائے، مناسب وقت آئے گا تو مداخلت کریں گے۔ بھارتی چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ ریاست اور عدالت میں سماعت کے دوران کیا ہورہا ہے۔
بھارتی سالیسیٹر جنرل نے حجاب سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخوست پر کہا کہ اس معاملے کو سیاسی اورمذہبی نہ بنایا جائے، جب کرناٹک ہائیکورٹ کا حکم ہی نہیں آیا تو کیسے معاملے کو سپریم کورٹ میں لایا گیا۔
کرناٹک کی طالبہ نے تعلیمی اداروں میں باحجاب طالبات کے داخلے پر پابندی کیخلاف کیس میں کرناٹک کی ہائیکورٹ کے عبوری فیصلے کیخلاف درخواست دائرکی تھی اور حجاب پر پابندی کیس کی فوری سماعت کی استدعا کی تھی۔
خیال رہے کہ بھارت کی سپریم کورٹ پہلے بھی مسلمان طالبات کی حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔