اسحاق ڈار کا حلف اٹھانے کیلیے چیئرمین سینیٹ کو خط

155

 

اسلام آباد / لندن( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بطور سینیٹر حلف ا ٹھانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد اب میں بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کولکھے گئے خط میں مؤقف پیش کیا ہے کہ 3 مارچ 2018 ء کو سینیٹ کی نشست پر میرے انتخاب کو چیلنج کرنے سے پیدا ہونے والا قانونی تنازع حل ہو چکا ہے، 21 دسمبر 2021ء کوعدالت عظمیٰ نے سول اپیل مسترد کردی، جس کے بعد عدالت عظمیٰ کا 8 مئی 2018ء کا ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہوگیا ہے اورعدالت عظمیٰکے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022ء کا میری سینیٹ نشست پر کامیابی کو معطل کرنے کا اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں تاہم برطانیہ میں زیرعلاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں، اس لیے بطور سینیٹر ورچوئل، وڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے، یہ طریقہ عدالت عظمیٰ میں پہلے ہی زیر استعمال ہے۔لیگی سینیٹر نے چیئرمین سینیٹ سے استدعا کی ہے کہ اگر ورچوئل طریقہ اختیار کرنا ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔