اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے ،بلاول بھٹو

2415
اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے ،بلاول بھٹو

ملتان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کٹھ پتلی حکمرانوں سے ہر صورت جان چھڑانا ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے آج کا کسان بری طرح پس رہا ہے، اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سلیکٹڈ اور نالائق حکومت کیخلاف اعلان جنگ کیا، ہم نے یہ جنگ مل کر لڑنی ہے، ہم نے اس کٹھ پتلی نظام کا خاتمہ کرنا ہے، پٹرول و گیس بحران کیخلاف پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا، پیپلزپارٹی نے یوریا بحران کیخلاف ٹریکٹر مارچ کیا، آج کسان کا مسئلہ کل ہر پاکستانی کیلئے فوڈسکیورٹی کا مسئلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں زرعی بحران پیدا ہوا ہے، حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے، عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج مہنگائی عروج پر ہے تو ہم کل تک انتظار کیسے کرسکتے ہیں  اس نالائق کا بندوبست کرنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے، ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم سے حساب لیں گے، موجودہ حکومت کی نااہلی بے نقاب کریں گے، ہمیں حکومت کیخلاف عدم اعتماد مہم چلانی ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ حکومت تبدیلی کے نام پر تباہی کر رہی ہے، عمران خان ہمیں اور ہمارے مخالف کو بھی چور چور کہتے تھے، آصف زرداری اور میں بھی موجود ہوں، پکڑ سکتے ہو تو پکڑلو، جس جس پر جھوٹا الزام لگایا وہ سب باعزت بری ہوئے، تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن خان صاحب کی حکومت نے کی۔