اسلام آباد: پاکستان میں تعینات مصری سفیر طارق دہروگ کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
جس میںاہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعرات کووزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مصری سفیر نے ملاقات کی ،اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ مصر خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کا استحکام اور ترقی خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔یہ امر قابل مسرت ہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی قابل قیادت میں سیاسی استحکام اور سلامتی کی جانب گامزن ہے، ہمارے دونوں ممالک کے عوام مشترکہ عقیدے،یکساں ثقافتی وابستگی کے بندھن سے بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر نقطہ نظر میں یکسانیت خوش آئند ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری گذشتہ سال دورہ مصر کے دوران، صدر السیسی اور وزیر خارجہ سامع شکری کے ساتھ بہت سود مند ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان مصری وزیر خارجہ سامع حسن شکری کے دورہ پاکستان اور اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی)کے جلد انعقاد کا منتظر ہے۔مصری سفیر طارق دہروگ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔