کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے لیاری سے تعلق رکھنے والی نیشنل باکسنگ چمپئن عالیہ سومرو نے ملاقات کی۔اس موقع پر عالیہ سومرو کے والد حنیف سومرو، کوچ مراد بخش، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سندھ وقار مہدی، سابق صوبائی وزیر و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی کراچی ڈوژن جاوید ناگوری، پیپلز یوتھ کراچی کے صدر راشد خاصخیلی، پیپلز ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر عاشق، لالہ رحیم اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ عالیہ سومرو نے سندھ سمیت دیگر صوبوں میں کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے درجنوں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے اور اس شہر اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ عالیہ سومرو لیاری کی ہی نہیں بلکہ اس صوبے اور ملک کی بیٹی ہے جس نے اپنی بہادری اور جرآت سے باکسنگ کے شعبہ میں خواتین کا نام بلند کیا ہے۔وقار مہدی نے کہاکہ ہم عالیہ سومرو کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ سندھ حکومت ان کو مکمل سپورٹ کرے گی اور عالمی سطح پر بھی ان کو پاکستان کا نام بلند کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔عالیہ سومرو نے کہا کہ میں نے آل سندھ باکسنگ چمپئن، آل بلوچستان باکسنگ ٹورنامنٹ، پاکستان رینجرز سندھ باکسنگ ٹورنامنٹ، سندھ پولیس باکسنگ ٹورنامنٹ سمیت درجنوں ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈلز حاصل کیا ہے۔ اوراب میرا اگلا ٹاسک 27 فروری سے عمان میں شروع ہونے والے انٹرنیشنل وومن یوتھ باکسنگ ٹورنامنٹ 2022 میں شرکت کرنا ہے۔