نئے کمنٹیٹر کی تلاش کیلیے وائس آف پاکستان کرکٹ مہم کاآغاز

131

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیپسی کے تعاون سے “وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 “مہم کا آغاز کردیا ہے۔اس مہم کے تحت پی سی بی پی ایس ایل 7کے دوران نئے کرکٹ کمنٹیٹرکی تلاش کا آغاز کرے گا۔اس سلسلے میںڈیجیٹل مہم بدھ سے شروع ہوگی۔ کرکٹ کمنٹری میں پیشہ ورانہ کیرئیر بنانے کے خواہشمند افراد اس مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔خواہشمند امیدواروں کو مہم میں شرکت کے لیے اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو یہاں جمع کروانا ہوگی۔اس مہم میں صرف 18 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہری ہی حصہ لے سکتے ہیں۔ امیدوار چاہے تو اردو یا انگریزی کسی بھی ایک زبان میں اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو بناکر بھجوا سکتے ہیں۔درخواستیں جمع کروانے والے 20بہترین امیدواروں کے آڈیشنز خود چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کریں گے۔ ان 20میں سے 5 افراد کو فائنل رائونڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جن میں سے ایک کو پاکستان کرکٹ کی آواز برائے 2022 قرار دیا جائے گا۔یہ ٹائٹل جیتنے والے کمنٹیٹر کو 5 لاکھ روپے کے انعام سمیت پی ایس ایل 7 کے فائنل میں کمنٹری کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پیپسی کے اشتراک سے پی سی بی کی جانب سے شروع کی جانے والی وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 کی یہ مہم ایک بہترین اقدام ہے، جو کرکٹ کمنٹیٹر بننے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کو آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔