وزیراعظم میں ہمت ہے تو ہمارے مارچ سے قبل اسمبلیاں توڑدیں،بلاول زرداری

163

ملتان(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ سے پہلے ہی کامیابیاں ملنا شروع ہوگئیں، عمران خان کی وکٹیں گرنا شروع ہوچکی ہیں، اسلام آباد پہنچنے سے قبل ان کی مزید وکٹیں گرائیں گے، اگرعمران خان میں ہمت ہے توہمارے مارچ سے پہلے اسمبلی کوتوڑدیں،وزیراعظم عدم اعتماد اورآنے والے الیکشن میں بھی ہاریں گے، ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے جوعدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے وہ بھی مان رہے ہیں،ہم عدم اعتماد کے لیے مہم چلائیں گے ۔ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اسلام ہمارا دین اور جمہوریت ہماری سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 5 اصولوں کو ملتان کے گھر گھر پہنچائیں ، سی ای سی میں کچھ دوستوں نے کہا ابھی انتظارکرنا چاہیے، اکثریت کی رائے تھی مہنگائی ، غربت عروج پرہے آج ہی لانگ مارچ کا اعلان کریں، سی ای سی نے عوامی مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے، پیپلزپارٹی کا مارچ 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گا، اسلام آباد میں پورا ملک ہمارے ساتھ ہوگا۔