اسلام آباد ( آن لائن)پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کل ہوگا ، سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے رہنمائوں اور سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے متعلق تجاویز اور سفارشات ساتھ لیکر آئیں ۔ فضل الرحمن اورن لیگی صدر شہباز شریف کے درمیان ملاقات بھی کل لاہور میں ہوگی تاہم فضل الرحمن نے تحریک عدم اعتماد پہلے مرکز یا پنجاب میں لائے جانے سے متعلق پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے رائے مانگ لی ہے۔انہوںنے(ن)لیگ سے بھی واضح جواب مانگا ہے کہ بتایا جائے کہ(ن)لیگ عثمان بزدار کو ہٹانا چاہتی ہے یا نہیں، شہباز شریف سے ملاقات میں بھی مولانا یہ معاملہ اٹھائیں گے آیا(ن)لیگ عثمان بزدار کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے کی صورت میں ق لیگ کے چودھری پرویز الٰہی کو نیا وزیراعلیٰ بنانے پر تیار ہوگی یا پھر حمزہ شہباز کو میدان میں اتارا جائے گا، پی ڈی ایم رہنمائوں سے یہ بھی کہاگیا کہ وہ یہ سفارشات بھی پیش کریں کہ تحریک عدم اعتماد کے کامیاب یا ناکام ہونے کی صورت میں اگلی حکمت عملی کیا ہوگی ۔یہ بھی تجویز مانگی ہے کہ تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ اور پی ڈی ایم کے مہنگائی مارچ سے پہلے لائی جائے یا بعد میں۔ان تمام تجاویز کی روشنی میں پی ڈی ایم کے سربراہان 11 فروری کو وڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے اور ان فیصلوں کو پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا ۔