وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افریقی جمہوریہ چاڈ کے وزیرخارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو

192

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ چاڈ کے وزیر خارجہ شریف محمد زین سے  بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان استوار تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چاڈ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دینے کے پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی وعلاقائی امور پر اقوام متحدہ، افریقی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) میں چاڈ کی نمایاں کاوشوں کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کی موجودہ کیفیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، سفارتی، تجارتی اور دفاعی اشتراک عمل کے نئے امکانات کی نشاندہی کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انگیج افریقہ(افریقہ کے ساتھ روابط) کی پاکستان کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے چاڈ کے اپنے ہم منصب کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو پاکستان نے افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کی تقویت کے لئے اٹھائے ہیں۔ انہوں نے افریقی خطے میں پاکستان کے سفارتی موجودگی بڑھانے اور قریبی تجارتی وسرمایہ کارانہ اشتراک عمل کے لئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔دونوں وزرا خارجہ نے دونوں ممالک کی خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان مسلسل رابطوں کے لئے دوطرفہ طریقہ ہائے کار وضع کرنے اور چاڈ سے نوجوان سفارت کاروں کو فارن سروس اکیڈمی، اسلام آباد میں مواقع کی فراہمی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔