آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

486

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں اور 5 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاسٹ بولر حارث رؤف اور اوپنر شان مسعود کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر بلال آصف اور اوپنر عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ اسکواڈ میں شامل 21 ویں رکن یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل جو کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کا حصہ نہیں ہیں وہ 16 فروری بروز بدھ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تربیتی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔

اعلان کردہ 16 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، شان مسعود، امام الحق، اظہرعلی، سعود شکیل، فواد عالم، فہیم اشرف، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود، محمد نواز، نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں کامران غلام، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں 4 تا 8 مارچ، دوسرا کراچی میں 12 تا 16 مارچ اور تیسرا لاہور 21 تا 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔