پشاور میں غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کریک ڈائون جاری، مزید21سیل 

301

پشاور: ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے محکمہ انڈسٹری کے افسران کے ہمراہ غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 21 کرش پلانٹس کو سیل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے محکمہ انڈسٹری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرواجد امان اورانڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفیسر بنارس خان کے ہمراہ دیہہ بہادر کے علاقے میں کرش پلانٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران بغیر رجسٹریشن کے کرش پلانٹس چلانے ،مالولیاتی آلودگی میں اضافہ کرنے، محکمہ ماحولیات اور محکمہ انڈسٹری کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 21 کرش پلانٹس کو سیل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ضلعی انتظامیہ نے محکمہ انڈسٹری کے ہمراہ زنگلی اور بڈھ بیر کے علاقے میں بیشتر غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل کیا تھا۔ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق سیل شدہ کرش پلانٹس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا اور متعلقہ محکموں کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر رجسٹریشن کے ان پلانٹس کو چلایا جا رہا تھا جس پر افسران نے کارروائی کرتے ہوئے 21 غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق کرش پلانٹس مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔