لاڑکانہ: تہرے قتل کیس ، برہان چانڈیو سندھ ہائی کورٹ میں پیش

98

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) دادو کے علاقے میہڑ میں تہرے قتل کیس کا معاملہ، پیپلز پارٹی رکن سندھ اسمبلی برہان چانڈیو وکیل کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ میں پیش ہو گئے، عدالت نے رکن سندھ اسمبلی برہان چانڈیو کی عبوری ضمانت منظور کرلی، لاڑکانہ ہائی کورٹ نے برہان چانڈیو کی 7 مارچ تک عارضی ضمانت منظور کر لی ہے، برہان چانڈیو علالت کے جواز کی بنا پر 4 فروری کو دادو عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر دادو کی ماڈل ٹرائل کرمنل کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے برہان چانڈیو کی ضمانت رد کی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برہان چانڈیو اور ممبر صوبائی اسمبلی نواب سردار خان چانڈیو کا کہنا تھا کہ عدالت نے ضمانت منظور کر لی ہے، اب دادو کی عدالت میں بھی پیش ہوں گے اپنے ٹرائل کیس کا سامنا کریں گے، طبعیت کی ناسازی کی بنا پر دادو عدالت میں پیش نہ ہو سکا تھا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروایا تھا، دادو عدالت نے سرینڈر کے لیے کہا تھا گرفتاری کے آرڈرز جاری نہیں کیے تھے، پہلے دن سے کیس کا سامنا کر رہے ہیں ،کسی پیشی پر غیر حاضر نہیں رہے۔ ایک سوال کے جواب میں نواب سردار خان چانڈیو کا کہنا تھا کہ ام رباب چانڈیو پر کوئی الزام عائد نہیں کرنا چاہتے وہ خود دیکھیں کہ ان کے والد اور دادا کا کیا کردار رہا ہے، ام رباب چانڈیو کو سندھ پولیس کے گارڈز ملے ہوئے ہیں ان کے احتجاج کے لیے پولیس اہلکار خود شاہراہ پر دھرنے کے لیے قالین بچھا رہے تھے، جو پولیس ام رباب چانڈیو کے قالین بچھا رہی ہے اس سے ہم کیا امید رکھیں گے؟