تحریک عدم اعتماد جلد لائی جائے گی اور ماحول تبدیل ہوگا، شاہد خاقان

263

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد جلد آئے گی اور ماحول بھی تبدیل ہوگا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نام نہاد احتساب کے نظام کا آج  چوتھا سال ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کرتا ہے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ نیب کا کام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو چلانا ہے تو اسی پر لگا دیں، نیب سیاستدانوں کو بدنام کیوں کرتا ہے؟ آج پانچواں ماہ ہے، چیئرمین نیب روزانہ کی اجرت پر کام کر رہے ہیں، کیسز کی حقیقت عوام کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے افسران کو جو استثنیٰ حاصل ہے وہ ایک آرڈیننس کی مار ہے، اداروں کے افسران قانون کے دائرے میں رہیں، غیرقانونی مشیراحتساب اپنے اثاثے عوام کے سامنے لائیں، حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سیلاب تلے تباہ کر دیا، یہی رفتار رہی تو حکومت کرپشن میں دنیا کی نمبرون حکومت ہوگی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آج کون سا محکمہ ہے جہاں کرپشن نہیں، ایک لمبی فہرست ہے، ن لیگ کی حکومت کے منصوبوں میں کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمان سے باہر پیپلزپارٹی نے اپنے راستے خود جدا کیے، عدم اعتماد بتایا نہیں جاتا لایا جاتا ہے، جب نمبر پورے ہوں گے تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم خود چھوڑی، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہونا چاہتی ہے تو اعتماد بحال کرے، اپوزیشن جماعتیں پارلیمان میں ایک ہیں۔