کسی کو خطے کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے، اسد قیصر

163

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہکسی کو خطے کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے، قومی سلامتی پر سمجھوتا کیے بغیر ہمسایہ ممالک سے رابطے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان افغانستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے 12ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کو وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے افغانستان بین الوزارتی سیل کے تحت افغانستان کے ساتھ تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ مشیر قومی سلامتی نے بتایا کہ 6 ماہ سے بھی کم عرصے میں تجارت سے متعلق 200 سے زائد مسائل حل ہو چکے ہیں اور دونوں فریق تمام تجارتی معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ افغانستان سے بارٹر تجارت کی تجویز او رویزہ کی سہولت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے تجارت میں بہتری اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے متعدد تحفظات اور سفارشات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاک افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور تمام متعلقہ وزارتوں اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔