اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ،شاہد خاقان

293

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘آئی ایم ایف نے سیونگ ریٹ کوکم اور ہائوسنگ لون کو رول بیک کرنے کا حکم دیا ہے‘ مہنگائی میںبدترین اضافہ ہوا ہے‘کوئی نیا اتحاد نہیں بن رہا ‘ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد احتساب کا عمل اس ملک میں ہے ‘نیب نے 5 سو ارب کس سے ریکور کرکے قومی خزانے میں ڈالے‘ چیئرمین نیب جاتے ہوئے یہ بتائیں کہ ان کے اثاثے کتنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک بل قانون ابھی تک نہیں بنا سیونگ ریٹ کو کم کردیا گیا‘ہاؤسنگ لون کو بھی رول بیک کرنے کا کہا گیا ہے‘ آئی ایم ایف اب حکم دے گا کہ اسٹیٹ بینک کو کیا کرنا ہے ‘ اپوزیشن کی ذمے داری ہے کہ نااہل حکومت سے عوام کی جان چھڑائے‘ روزاول سے کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب حالات بدلتے ہی پہلی دستیاب فلائٹ سے بھاگ جائیں گے،دیگر وزرا بھی فرار کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک چیف جسٹس صاحب کا نام ڈیم سے مشہور ہوا اور دوسرے چیف جسٹس عمارتیں گرانے کے لیے مشہور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتیں متحد ہیں کہ حکومت کو گھر بھیجنا ہے‘ جس دن یہ بیساکھیاں ہٹیں گی اس دن یہ حکومت نہیں رہے گی۔